انکولہ:2/مئی (ایس او نیوز) اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہر اُگلنے اور مسلمانوں کے خلاف اکثریتی طبقے کو اُکسانے کے لئے بدنام اُترکنڑا کے رکن پارلیمان اور مرکزی وزیر آننت کمار ہیگڈے نے پھر ایک بار زہر اگلتے ہوئے بیان دیا ہے مسلمان دوسری قوموں کو برباد کرکے اپنی آبادی میں اضافہ کررہے ہیں۔
انکولہ میں خطاب کرتے ہوئے آننت کمار ہیگدے نے کہا "میں مسلمانوں کا مخالف نہیں ہوں، لیکن دوسرے طبقے کو برباد کرنے والی ذہنیت کو قبول کرنا ممکن نہیں ہے۔ہم سب کو ساتھ لےکر زندگی گزارنےوالی تہذیب کے لوگ ہیں ۔مگر دوسروں کو دبا کر اور دوسروں کو بربادکرکے جینا ہماری تہذیب نہیں ہے".
اپنے خطاب میں مسلمانوں کے خلاف پھر ایک بار زہر اُگلتے ہوئے جھوٹ اور من گھڑت باتیں کرنے میں ماہر اننت کمار ہیگڈے نےکہا کہ جب ہمارا ملک آزاد ہوا تھا تو اس وقت مسلمانوں کی آبادی صرف 4-5فی صدتھی، آج غیرقانونی طورپر مسلمان 16سے 20فی صد ہوگئے ہیں، ہیگڈے نے دعویٰ پیش کرتے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جس علاقے میں بھی مسلمانوں کی شرح 30فی صد ہوجاتی ہے تو پھر وہ ملک مسلمان ہوجاتاہے ۔
کانگریس کی حکومت میں بھلے ہی اعلیٰ تعلیم یافتہ مسلم نوجوانوں کو دہشت گرد انہ الزامات کے تحت جیلوں میں ٹھونس کر اُن کی زندگیاں برباد کردی گئی ہو، مگر ہیگڈے نے کانگریس پر اقلیتوں کی خوشامدانہ پالیسی اپنانے کا الزام لگایا اور کہا کہ آج ہمیں اپنے ہی دیش میں زندگی گزارنا ہے تو ایسی ایسی ذہنی اذیتوں سے گزرنا پڑتاہے کہ جو دہشت گرد ہیں اور قاتل ہیں وہ ہمارے وزیراعلیٰ کے ساتھ بیٹھ کر میٹنگ کرتے ہیں اور جولوگ دھرم کے لئے کام کرتے ہیں ان کاقتل کیا جاتاہے ۔
ہیگڈے نے عوام سے سوال کیا کہ کیا ہمیں ایسی سرکار چاہئے ؟ ہیگڈے نے کہا کہ ہمارے مندروں اور مٹھوں میں جمع ہونے والی رقم کو سرکاری پیسہ کہاجارہاہے، آپ لوگ جو عطیہ دیتے ہیں ، اُس کو سرکاری پیسہ کہاجارہاہے۔ ہیگڈے کے مطابق ایسا کرنے کے لئے قانون بنایاجارہاتھالیکن ہم نے انہیں چوکنا کیا اور وارننگ دی کہ ہمارے مندروں پر ہاتھ نہ ڈالیں۔ ہیگڈے نے سوال کیا کہ کیا ہمارے مندروں کو اپنی تحویل میں لینے والی سرکار اور ایسے وزیراعلیٰ کی پارٹی ہمیں چاہئے؟ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا ہمارے خون کی عزت نہ کرنے والی پارٹی ، اور ایسے وزیراعلیٰ ، اور سرکار ہمیں چاہئے؟
ہیگڈے نے کہا کہ ہم بھوکے رہ کر مرجائیں گے لیکن ہمارے خون کی جن لوگوں نے بے عزتی کی ہے ہم اس کوکبھی برداشت نہیں کریں گے؟ ہیگڈے نے کانگریس کو ہندو دھرم کو نظرانداز کرنے والی اور ہندو دھرم کی بے عزتی کرنے والی پارٹی قرار دیا اور کہا کہ ایسی پارٹی نہ صرف اس ریاست میں بلکہ اس ملک میں بھی نہیں رہنی چاہئے۔
اپنے اشتعال انگیز بیان میں آننت کمار ہیگڈے نے کہا کہ 70سالوں سے ہمارے خوابوں کو کانگریس نے برباد کیا ہے۔ آزادی کے بعد ہمارے ترقی کے جو کچھ منصوبہ جات تھے ،کانگریس کی ڈھونگی سیاست کی وجہ سے ہمارے خواب چکنا چور ہوگئے۔ ہم کانگریس کو دوڑا دوڑا کے ماریں گے۔ کانگریس دن بدن کمزور ہوتی جارہی ہے۔ 70برسوں سے کانگریس نے جوکچھ گناہ کیا تھا، یہ اس کا پھل ہے اور یہ اس ملک کے عوام کی لعنت ہے کہ کانگریس اب خود اپنے گھر میں دفن ہورہی ہے۔
آننت کمار ہیگڈے کی پوری تقریر کی وڈیو ریکارڈنگ ذیل میں پیش کی جارہی ہے: